بازی پلٹ گئی ،دوبارہ گنتی میں پی ٹی آئی کے شاہ فرمان کو اے این پی کے خوشدل خان نے شکست دیدی

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پشاور کے حلقہ پی کے 70 میں بازی پلٹ گئی ہے ، ابتدائی نتائج میں جیتنے والے پی ٹی آئی کے شاہ فرمان کو دوبارہ گنتی کے عمل میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار خوشدل خان نے شکست دیدی ہے ۔

نجی ٹی وی ایکسپری نیوز کے مطابق پی کے 70 سے خوشد ل کامیاب ہوگئے ہیں ، خوشدل خان نے پی کے 70 سے 15 ہزار 544 ووٹ حاصل کیے جبکہ انہوں نے پی ٹی آئی امیدوار کو 187 ووٹوں سے شکست دیدی ہے ۔جبکہ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے شاہ فرمان ابتدائی نتائج میں 74 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے تاہم دوبارہ گنتی میں بازی پلٹ گئی ہے ۔عوامی نیشنل پارٹی کی خیبر پختون خواہ میں سیٹوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔پی کے 70 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی چھ روز سے جاری تھی جو کہ آج مکمل ہو گئی ہے۔

دوسری جانب این اے 108 سے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیرمملکت عابد شیر علی کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرنگ افسر نے مسترد کر دی ہے ۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں