دھرنے سے نمٹنے میں کامیابی نہ ملتی تو فوری چین سے واپس آجاتا :وزیر اعظم

اسلام آباد: (ڈیلی سماج آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنے سے نمٹنے میں کامیابی نہ ہوتی تو فوری چین سے واپس آنا پڑتا ، ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ایوان کا ماحول خراب کرنا چاہ رہی ہے ۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اراکین کو حکومت کی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ چین اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا، اجلاس میں احتجاج اور دھرنے کے بعد کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بہترین طریقے سے امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کیا، دھرنے سے نمٹنے میں کامیاب نہ ہوتے تو چین سے فوری واپس آنا پڑتا، جس طرح دھرنے سے ہم نمٹے ہیں اس طرح کوئی اور سوچ نہیں سکتا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ایوان کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے،دورے سے متعلق اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کا دورہ کامیاب رہا، دونوں دوست ممالک ہماری مدد کر رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ چین سے پاکستان کی اقتصادی مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ہمسایہ ملک چین کے تعاون سے ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی ۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں