امریکی وزیر خارجہ اور وزیراعظم کی گفتگو کے تنازع پر اب مزید کوئی بات نہیں کریں گے : ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(ڈیلی سماج آن لائن ) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو کے تنازع پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس تنازع کا خاتمہ کرکے سیاسی طور پر آگے بڑھنا چاہتا ہے، ، وزیر خارجہ اس معاملے پر بات کرچکے ہیں لہٰذا وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ میں گفتگو کے معاملے پر مزید بات نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ہفتے میں بھارتی افواج نے 10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے حریت رہنماو¿ں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماو¿ں کی بگڑتی صحت کی صورتحال پر بھی تشویش ہے، عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایل او سی اشتعال انگیزی پر شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے متعلق بتایا کہ پاکستان نے توہین آمیز خاکوں کے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے، توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر او آئی سی کوخط لکھا ہے اور پاکستان میں ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے جب کہ ڈچ سفیر کو ملک بدر کرنے یا کوئی اور ایکشن لینے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزیدبتایا کہ او آئی سی اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وہ اجلاس میں توہین آمیز خاکوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔

Share

اپنا تبصرہ بھیجیں